28-Dec-2023 ظاہر اور باطن میں ربط پیدا کیجئے
*ظاہر اور باطن میں ربط پیدا کیجئے*
بقلم، عمرفاروق مظاہری
آج دنیا کے اندر لوگ روحانی طور پر سڑے ہوئے اُس زخم کی طرح ہو گئے ہیں جو خود فاسد مادہ اپنے اندر لیا ہوا ہے اور جسم کے دوسرے اعضاء کو بھی چوپٹ کرنے میں لگا ہواہے، وہ روحانی طور پر اتنا بیمار ہو چکا ہوتاہے کہ اب اُسے کوئی بھلی بات بھی قلب پر تیر کی طرح لگتی ہے،
انا پرستی میں اسقدر ڈوبا ہوا ہے کہ خود کو سمندر سمجھتا ہے جبکہ اپنی ذات میں وہ چلو بھر پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں لیکن پھر بھی اپنے آپ کو تیس مار خاں سمجھتا ہے، حد ہے ایسی سوچ پر، یاد رکھیے! کبریائی اللہ تعالیٰ کی صفت ہے اور اُسی کو یہ زیب دیتا ہے لیکن جب انسان اسکو اپناتا ہے تو خالق اور مخلوق کے مابین وہ بے حیثیت اور ذلیل بن کر رہ جاتا ہے اور پھر اسکا کوی پرسانِ حال نہیں ہوتاہے،
کبھی غیض وغضب دماغ پر ایسا سوار رہتا ہے کہ غصے میں اپنی پرچھائی کو بھی ملامت کرنے لگتا ہے کہ تو کیوں میرے ساتھ چلتی ہے، بات بات پر ماں بہن، کتا خنزیر کی گالیاں نکالتا ہے،
تو کبھی ایسی گھٹیا سوچ رکھتے ہیں کہ سامنے والا برباد ہوجائے جبکہ خود بربادی کا چولہ پہن کر جی رہے ہیں،
کبھی معاملات میں وعدہ خلافی اور ڈنڈی مارتے ہیں تو کبھی قرضہ لیکر خاموش ہو جاتے ہیں، اور عالم یہ ہے عمرہ پے عمرہ کیے جا رہے ہیں، غرض اسکے علاوہ.. بداخلاقی، بے حسی، اور ریاکاری کا ایک سیلاب ہے دل میں، مگر ان سب چیزوں کے باوجود مجال ہے کہ وہ اپنے گریبان میں جھانک لے، بس فکر ہے تو اپنے ظاہر کو سجانے اور سنوارنے کی جو کبھی حقیقت نہیں بن سکتی، صحیح فرمایا آپ صلّی اللہ علیہ وسلم نے" جسم کے اندر گوشت کا ایک لوتھڑا ہے جب وہ صحیح وتندرست رہتا ہے تو پورا جسم صحیح رہتا ہے یعنی جب وہ ٹھیک رہتا ہے تو آدمی مخلص بھی ہوتا ہے، متواضع بھی ہوتا ہے، اور بااخلاق بھی ہوتا ہے، اور جب وہ بگڑتا ہے تو آدمی بدتمیز بھی بنتا ہے، متکبر بھی ہوتاہے اور دھوکے باز بھی بنتا ہے، فرمایا آپ صلّی اللہ علیہ وسلم نے میرے صحابہ سنو! وہ دل ہے، سوچنے کا مقام ہے اس پر فتن دور میں جہاں فتنے آے دن سیلاب کی شکل میں رونما ہو رہے اگر انسان روحانی طور پر بیمار ہو جائے تو وہ خود اپنے جسم سے نہیں لڑ سکتا ہے تو سماج اور ماحول سےکیسے لڑے گا؟ آپ خود سوچیے، اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے دل پر محنت کریں تاکہ ظاہر اور باطن میں ایک ربط پیدا ہو جائے۔ بقول اقبال...
اگر دل پاک نہیں تو پاک ہو نہیں سکتا انسان
وگرنہ شیطان کو بھی آتے تھے وضوکے فرایض
والسلام